سری لنکا پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے راضی ہوگئی، میچ لاہور میں کھیلا جائے گا یا کراچی میں، اعلان کر دیا گیا

لنکن کرکٹ بورڈ دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کیلئے مضبوط ٹیم پاکستان بھیجنے کو تیار ،2کھلاڑی تاحال رضامند نہیں ہوسکے

پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا امکان روشن ہو گیا کیونکہ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اپنی مضبوط ٹیم پاکستان بھیجنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے ،سری لنکاکرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریزکیلئے پاکستان آنے سے انکار کرنیوالے بیشتر پلیئرز کا رواں سال دسمبر میں دورہ پاکستان پر اتفاق ہو گیا ہے تاہم2کھلاڑی ابھی تک رضامند نہیں ہو سکے ،سری لنکن کرکٹ ٹیم کے آفیشلزبھی ٹور سے متعلق مثبت سوچ کے حامل ہیں جن کا کہنا ہے کہ ان کو بورڈ ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری اور راولپنڈی کے سکیورٹی جائزے کا انتظار ہے جس کے بعدایک ہفتے میں فیصلہ ہو جائیگا۔

انہوں نے تصدیق کی کہ سری لنکن ٹیم کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد سینئر کھلاڑیوں نے از خود کرکٹ بورڈ کو دورے پر آمادگی کا پیغام بھیجا جبکہ2کھلاڑی بدستور انکار رہے ہیں جن کو وقت کے ساتھ آمادہ کرلیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق سینئر سری لنکن کھلاڑیوں کی ٹور سلیکٹر اور منیجر اسانتھا ڈی میل کے علاوہ سری لنکاکرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا سے بات چیت کامیاب رہی ہے اور دیموتھ کرونارتنے ،کوسال پریرا،کوسال مینڈس،دنیش چندیمل،انجیلو میتھیوز اور نیروشن ڈکویلا سمیت دیگر کھلاڑیوں نے پاکستان ٹور پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے طے کردہ شیڈول کے مطابق سری لنکن ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں 11دسمبر سے پہلا ٹیسٹ کراچی میں کھیلے گی جبکہ دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 19 دسمبر سے کھیلا جائےگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں