ایشیا کپ میں لمبی اننگز کھیلنے کیلئے تیار ہوں، ایونٹ میں زیادہ سنچریاں سکور کرنا ہدف ہے،کرکٹر حیدر علی

ایشیا کپ میں لمبی اننگز کھیلنے کیلئے تیار ہوں، ایونٹ میں زیادہ سنچریاں سکور کرنا ہدف ہے،کرکٹر حیدر علی

 اٹک سے تعلق رکھنے والے قومی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز حیدر علی نے کہا ہے کہ وہ لمبی اننگز کھیلنے کیلئے خود کو ذہنی طور پر تیار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ فارغ وقت میں انٹرنیشنل کرکٹرز کی ویڈیوز دیکھتے ہیں۔ بطور اوپنر وکٹ بچانا اہم ہے کیونکہ اوپنرز کے جلد آؤٹ ہو جانے سے پوری ٹیم پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ حیدر علی نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کے کوچز کا تجربہ اس ہنر کو سیکھنے میں ان کیلئے مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ کوچز نے دورہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے دوران میری بھرپور رہنمائی کی۔ انہوں نے سمجھایا کہ اعتماد سے کھیلتے رہو اور سکور بورڈ کو متحرک رکھو۔ حیدر علی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں مگر بطور بلے باز ہمیں نصف سنچری کو سنچری میں تبدیل کرنے کا آرٹ سیکھنے میں وقت لگتاہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے چار سالہ ڈومیسٹک کرکٹ کیریئر نے کئی نشیب و فراز دیکھے مگر دورہ سری لنکا کیلئے قومی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم میں شمولیت سے میری صلاحیتوں میں نکھار آیا۔ کوچز نے میری قابلیت کی نشاندہی کرتے ہوئے مجھے کھیل میں بہتری کے گر سیکھائے اور یہی وجہ ہے کہ دورہ سری لنکا میں میری کارکردگی بہترین رہی۔ دورے کے دوران 5 میچوں میں 214 رنز بنانے والے 18 سالہ نوجوان کرکٹر کا بہترین سکور 93 رنز ناٹ آؤٹ تھا۔ حیدر علی نے کہا کہ سری لنکا ٹور پر میں نے5 میچوں میں 3 نصف سنچریاں سکور کیں مگر مجھے سنچری نہ کرنے کا دکھ تھا۔ جنوبی افریقہ روانگی سے قبل میں نے کوچز سے مشاورت کے ساتھ ساتھ دور حاضر کے انٹرنیشنل کرکٹرز کی بیٹنگ ویڈیوز دیکھنا شروع کردیں جس سے مجھے نصف سنچری کو سنچری میں بدلنے کا حوصلہ ملا۔ حیدر علی نے کہا کہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران میں نے صرف ایک سنچری سکور کی مگر یہاں مجھے اپنی اننگز کو طول دینے کے آرٹ پر عمل درآمد کرنے کا موقع ملا۔ سیریز میں حیدر علی نے 7 میچوں میں 317 رنز بنائے، جس میں 1 سنچری اور 2 نصف سنچریاں شامل تھیں۔18 سالہ حیدر علی کا عزم ہے کہ رواں سال ایشیا کپ انڈر۔19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان فاتح ہوگا تاہم ان کا ماننا ہے کہ ایونٹ میں کامیابی کیلئے ہمیں کوچز کے مشوروں پر عمل کرنا ہوگا۔ حیدر علی کا کہنا ہے کہ وہ ایونٹ میں ٹیم کو اچھا سٹارٹ فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ بہتر سٹرائیک ریٹ برقرار رکھتے ہوئے لمبی اننگز کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کی خوبی یہ ہے کہ کھلاڑی ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں اور میدان میں ایک یونٹ بن کر کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری قومی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کے کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس، ڈائیٹ اور فیلڈنگ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ ٹیم ایشیاکپ اور آئی سی سی انڈر۔19 کرکٹ ورلڈکپ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں